کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر کے ان کا ٹھکانہ تباہ کر دیا۔
واشک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 5 اگست کو ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان کے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
مستونگ: 6 اگست کو مستونگ میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں مزید 6 دہشتگرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں آپریشن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے حالیہ بیان میں بتایا تھا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران اب تک 2 ہزار سے زائد دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واشک اور مستونگ میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف قومی عزم اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت کا واضح ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی، ریاست دشمن عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں، جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ قومی اتحاد اور اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان امن، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ترقیاتی عمل کے تسلسل کو ہر صورت یقینی بنائے گی، جبکہ دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور غیر ملکی سرپرستی میں کام کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان دہشتگردی کے خلاف قومی جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ عزمِ استحکام کے قومی وژن کے تحت بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔
واشک اور مستونگ میں 12 دہشتگردوں کی ہلاکت کے بعد آپریشن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔
