اسلام آباد: حکومت کے نئے پیٹرول فارمولے کے باعث ریفائنریز اور اربوں ڈالر کے اپ گریڈ منصوبے خطرے میں پڑ گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں کے تعین کا فارمولا اچانک تبدیل کرنے کے فیصلے سے آئل ریفائنریز کو فی لیٹر تقریباً 49 روپے کے نقصان کا خدشہ ہے، جبکہ ریفائنریز کی مجوزہ اپ گریڈیشن کے لیے مختص 5 سے 6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
آئل انڈسٹری نے خبردار کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے ملک کی پرانی آئل ریفائنریز کو جدید بنانے کے معاہدوں پر دستخط کیے جانے کے محض چند ہفتوں بعد یہ فیصلہ سامنے آیا ہے، جس سے ریفائنریز کی جدید کاری کے منصوبے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے 30 اکتوبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا نظرثانی شدہ طریقہ کار منظور کر لیا ہے۔
جس کے تحت ریفائنریز کو پیٹرول کی اصل درآمدی لاگت اور جنگ سے پہلے کی قیمتوں کی بنیاد پر مقرر کردہ ایکس ریفائنری قیمت کے درمیان فرق حکومت کے حوالے کرنا ہوگا۔
