گوادر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر کے 99 سیکنڈری اسکول ٹیچرز کو میرٹ کی بنیاد پر تعیناتی کے آرڈرز جاری کر دیے، تعیناتی کے آرڈرز حاصل کرنے والوں میں خواتین اساتذہ بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے میرٹ پر کامیابی حاصل کرنے والی خواتین اساتذہ میں خود تعیناتی کے آرڈرز تقسیم کیے اور ان سے بھرتیوں کے پورے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے سے متعلق دریافت کیا۔خواتین اساتذہ نے بھرتیوں کے عمل پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی سفارش یا سیاسی اثر و رسوخ کے بغیر اپنی قابلیت اور میرٹ کی بنیاد پر سرکاری ملازمت کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے شفاف انداز میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی دن صوبائی اسمبلی کے فلور پر واضح کر دیا تھا کہ بلوچستان میں کوئی سرکاری نوکری فروخت نہیں ہوگی، الحمدللہ عوام سے کیے گئے وعدے کو عملی طور پر پورا کرکے دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرکاری ملازمتوں کا حصول اب سفارش کے بجائے قابلیت اور میرٹ سے مشروط ہے، باصلاحیت نوجوانوں کو میرٹ پر ان کا حق دیا جائے گا اور کسی کو بھی اہل امیدواروں کی حق تلفی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرکاری ملازمتیں کسی کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ اہل اور مستحق امیدواروں کا حق ہیں۔ نوجوانوں کو ان کی قابلیت کے مطابق آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی پالیسی کا بنیادی اصول ہے۔ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں، انہیں صرف منصفانہ مواقع اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سرکاری بھرتیوں میں شفافیت یقینی بنا کر حقدار کو اس کا حق دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت نے روزگار کی فراہمی کو سیاسی اثر و رسوخ سے آزاد کرکے مکمل طور پر میرٹ کے تابع کرنے کا عزم کیا ہے۔ میرٹ کا فروغ نوجوانوں کا ریاستی اداروں پر اعتماد بحال کرنے اور سرکاری نظام میں شفافیت کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ میرٹ کی بالادستی ہی گڈ گورننس، ادارہ جاتی اصلاحات اور پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔ سرکاری ملازمتوں میں شفافیت اور میرٹ کے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور میرٹ پر بھرتیوں کا یہ تسلسل برقرار رکھا جائے گا تاکہ نوجوانوں کے مستقبل سے کسی کو کھیلنے کا موقع نہ ملے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان حکومت کے لیے میرٹ کی بالادستی محض ایک اعلان نہیں بلکہ طرز حکمرانی کا عملی اصول ہے، جس کے تحت ہر اہل اور مستحق امیدوار کو اس کی قابلیت کے مطابق آگے بڑھنے کا حق دیا جائے گا۔
گوادر، وزیراعلیٰ بلوچستان نے 99سیکنڈری اسکول ٹیچرز کو میرٹ پر تعیناتی کے آرڈرز جاری کر دئیے
RELATED ARTICLES
