بلوچستان کے ضلع پشین میں زیارت کراس کے مقام پر قائم کسٹمز ویئر ہاؤس اور چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے اچانک حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں کسٹمز اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے سات اہلکار شہید جبکہ سات زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے حملہ کرنے کے بعد ویئر ہاؤس کے احاطے میں کھڑی متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی جس سے وہاں شدید افراط تفری پھیل گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیراؤ میں لے کر ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں۔
پولیس حکام نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد دہشت گردوں نے ویئر ہاؤس میں موجود گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا تھا، تاہم فائر برگیڈ اور پولیس کی فوری اقدامات کے باعث گاڑیوں میں لگی آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے۔
حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے تمام اہلکاروں کو فوری طور پر قریب کے aسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔
