ہفتہ, اکتوبر 10, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںکوئٹہ: نیشنل پارٹی کا کلی جیو میں پارٹی زمہ داران کا اہم...

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کا کلی جیو میں پارٹی زمہ داران کا اہم علاقائی مشاورتی اجلاس، گراس روٹ پر تنظیم سازی اور عوامی مسائل کے حل کا عزم

کوئٹہ: نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام کلی جیو اور ملحقہ علاقوں سے سے تعلق رکھنے والے 7 مختلف یونین کونسلز کے زمہ داران پر مشتمل ایک اہم علاقائی مشاورتی اجلاس زیر صدارت ضلعی صدر حاجی عطاء محمد بنگلزئی دہوار گڑھ کلی جیو میں مرکزی سوشل میڈیا سیکرٹری سعد دہوار کی میزبانی میں منعقد ہوا، جس میں ضلعی کابینہ کے اراکین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز میں کلی جیو سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے شہید رہنما ماما صلاح محمد شہی، بی این پی کے شہید آغا خالد شاہ دلسوز، سابق چیئرمین بی ایس او پجار شہید ملک زبیر بلوچ سمیت بلوچستان بھر کے سیاسی شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی جمہوری جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ جب کہ بی ایس او پجار کے مرکزی رہنماء بابل ملک بلوچ سمیت تمام بے گناہ لاپتہ افراد کی بازیابی کی اپیل کی گئی۔

اجلاس میں علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کوئٹہ کے نواحی علاقوں خصوصاً حلقہ پی بی 44 میں کلی جیو، سریاب اور اطراف کے علاقوں میں عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ پینے کے صاف پانی کی شدید قلت، گلیوں میں سیوریج اور صفائی کا ناقص نظام، سرکاری ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں ادویات اور ڈاکٹروں کی عدم دستیابی، اسکولوں کی خستہ حالی اور منشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے جبکہ امن و امان کی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور فارم 47 کے ذریعے مسلط نمائندے ان مسائل سے مکمل طور پر غافل ہیں۔

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ان علاقائی مسائل کے مستقل حل کے لیے پارٹی کو گراس روٹ لیول پر مزید فعال اور منظم کیا جائے گا۔ تمام یونین کونسلز میں یونٹ سازی کے عمل کو مورخہ 17 اکتوبر کو ہونے والے ضلعی کونسل کے اجلاس کے فوراً بعد تیز کیا جائے گا اور ممبر شپ سازی مہم شروع کی جائے گی۔ ہر یونٹ کو علاقائی کمیٹی کے طور پر فعال بنایا جائے گا جو اپنے علاقے کے مسائل کی نشاندہی کرکے ضلعی انتظامیہ کے سامنے پیش کرے گی اور ان کے حل تک جدوجہد جاری رکھے گی۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ حلقے پر مسلط جعلی نمائندے کی کارکردگی کو بے نقاب کرنے کے لیے جلد ایک حقائق پر مبنی وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا جبکہ آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ گراس روٹ سے مضبوط امیدوار سامنے لائے جائیں گے۔ آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ نیشنل پارٹی عوامی حقوق کی جدوجہد کو ہر سطح پر جاری رکھے گی۔

اجلاس سے پارٹی کے رکن مرکزی کمیٹی و ضلع صدر کوئٹہ حاجی عطاء محمد بنگلزئی، مرکزی سیکریٹری سوشل میڈیا سعد دہوار، ضلعی سینئر نائب صدر محمد عارف دہوار، ضلعی لیبر سیکریٹری حمید اللہ لہڑی، غفار قمبرانی، استاد سلطان بنگلزئی، سکندر خان مگسی، کمال خان مری، ملک مراد لہڑی، ٹکری مرزا خان بنگلزئی، بابل جتک، ملک فیروز بنگلزئی، عبدالروف، شیر احمد بنگلزئی، عنایت اللہ دہوار، قدوس خراسانی، اللہ بخش محمد شہی، الم خان مینگل، حافظ عصمت اللہ اور طاہر بنگلزئی نے خطاب کیا۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!