جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان کے اہلخانہ اور قریبی رفقاء کیخلاف مبینہ ٹیکس چوری اور آمدن چھپانے کی شکایت ایف بی آر میں جمع کرادی گئی۔ 5 افراد کے اثاثوں اور مالی معاملات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
شکایت میں جے یوآئی کے ایک سینیٹر، لطف الرحمٰن، ضیاءالرحمٰن، اسعد محمود اور ابرار احمد کے مالی معاملات کی جانچ پڑتال کی درخواست کی گئی۔ ایف بی آر سے پانچوں افراد کے اثاثوں، بینک اکاؤنٹس اور ذرائع آمدن کا جائزہ لینےکا مطالبہ کیا گیا ہے۔
شکایت کے مطابق جے یو آئی کے سینیٹر کے ملکی اورغیرملکی کرنسی اکاؤنٹس، لطف الرحمٰن کے بینک اکاؤنٹس اور کاروباری سرگرمیوں، جبکہ ضیاء الرحمٰن کے اکاؤنٹس میں مبینہ غیر واضح رقوم کی تحقیقات کی استدعا کی گئی ہے۔
اسعد محمود کے بینک اکاؤنٹس اور ابرار احمد کے ٹریول اینڈ ٹورز کاروبار سے متعلق مالی معاملات کی جانچ کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ شکایت میں فلاحی، تعلیمی اور کاروباری اداروں سے منسلک لین دین کی چھان بین اور متعلقہ افراد کے اثاثوں، ٹیکس گوشواروں اور بینک ٹرانزیکشنز کا تقابلی جائزہ لینے کی درخواست کی گئی ہے۔
