کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم اصلاحات کی منظوری دیتے ہوئے پی سی ایس امتحان میں امیدواروں کی شرکت کے مواقع تین سے بڑھا کر چھ کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ اصلاحات کے تحت مقابلے کے امتحانات میں مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرانے، روایتی ہاتھ سے لکھے جانے والے پرچوں کی جگہ کمپیوٹرائزڈ امتحانی نظام رائج کرنے اور امتحانی عمل کو جدید عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ان فیصلوں کا اعلان وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں اصلاحات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کمیشن کے امتحانی طریقہ کار کو شفاف، موثر، تیز رفتار اور جدید تقاضوں کے مطابق بنانے کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں پبلک سروس کمیشن کے امتحانی مراکز قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی تاکہ امیدواروں کو اپنے علاقوں کے قریب مقابلے کے امتحانات میں شرکت کی سہولت میسر آسکے۔ اجلاس میں طے پایا کہ امتحانی عمل کو تیز کرنے کے لئے بیوٹمز اور دیگر جامعات ہفتہ وار تعطیلات کے دوران مقابلے کے امتحانات کے انعقاد کے لئے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کو امتحانی ہال بلا معاوضہ فراہم کریں گی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو مقابلے کے امتحانات میں آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ اگر کوئی نوجوان محنت کرکے خود کو امتحان کے لیے تیار کرتا ہے تو اسے قواعد و ضوابط کے ذریعے مواقع سے محروم کیوں رکھا جائے؟ اسی سوچ کے تحت پی سی ایس امتحان میں شرکت کے مواقع تین سے بڑھا کر چھ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی ایس کے ذریعے منتخب ہونے والے افسران صوبائی انتظامیہ کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ سول سروس میں زیادہ اہل، باصلاحیت اور جدت پسند افراد کو شامل کرنے کے لیے سلیکشن کے عمل کو مزید مو¿ثر بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پی سی ایس امتحانات کو ٹوفل (TOEFL) اور جی آر ای (GRE) کے جدید امتحانی معیار کی طرز پر منعقد کرنے کے امکانات کو عملی شکل دی جائے اور مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے امتحانی نظام کو پیپر لیس اور کمپیوٹرائزڈ بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روایتی امتحانی طریقہ کار کی جگہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے تاکہ امتحانات کے انعقاد، جانچ پڑتال اور نتائج کی تیاری میں شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے پبلک سروس کمیشن کو ہدایت کی کہ امتحان کے انعقاد سے لے کر نتائج کے اعلان تک تمام مراحل زیادہ سے زیادہ تین ماہ میں مکمل کیے جائیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ میرا محنتی نوجوان اب امتحانی نتائج کے لیے مہینوں انتظار نہیں کرے گا۔ امتحانی عمل میں غیر ضروری تاخیر ختم کرکے امیدواروں کو بروقت نتائج فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ اہل نوجوان جلد از جلد صوبائی انتظامی ڈھانچے کا حصہ بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر پبلک سروس کمیشن کے امتحانی مراکز کے قیام سے دور دراز علاقوں کے امیدواروں کو سفر اور دیگر مشکلات سے نجات ملے گی اور انہیں مسابقت کے یکساں مواقع اپنے علاقوں میں دستیاب ہوں گے۔ صوبائی حکومت امتحانی نظام کی بہتری اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میرٹ کی بالادستی، شفاف سلیکشن اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد مضبوط بنایا جائے گا۔ بلوچستان میں سرکاری سلیکشن اور بھرتیوں کے نظام کو شفافیت اور میرٹ کی ایسی بنیادوں پر استوار کیا جائے گا جہاں ہر اہل امیدوار کو اپنی قابلیت اور محنت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کا مساوی موقع میسر ہو۔ قبل ازیں چئیرمین بلوچستان پبلک سروس کمیشن جسٹس (ریٹائرڈ) کیلاش ناتھ کوہلی نے اجلاس کو ادارے کی مجموعی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ تین سال سے زیر التواء ہزاروں کیسز چند ماہ کے مختصر عرصے میں نمٹا دئیے گئے ہیں اور اب کمیشن میں کوئی کیس زیر التواءنہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے زیر التواءکیسز نمٹانے پر پبلک سروس کمیشن کی کارکردگی کو سراہا اور اصلاحات کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، چئیرمین بلوچستان پبلک سروس کمیشن جسٹس (ریٹائرڈ) کیلاش ناتھ کوہلی، پبلک سروس کمیشن کے اراکین عبدالصبور کاکڑ، غلام علی بلوچ، پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند، اسپیشل سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ حبیب الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری چیف منسٹر سیکرٹریٹ محمد فریدون خان نے شرکت کی۔
بی پی ایس سی کے امتحانی نظام میں بڑی اصلاحات کا فیصلہ، پی سی ایس کے مواقع 3 سے بڑھا کر 6 کر دیے گئےامتحانات کمپیوٹرائزڈ اور اے آئی ٹیسٹنگ سسٹم لانے کی ہدایت، نتائج کا اعلان 3 ماہ میں کرنے کا حکم
RELATED ARTICLES
