ایرانی حکومت نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورۂ ایران کو انتہائی نتیجہ خیز اور سود مند قرار دے دیا ہے۔
ایرانی صدارتی دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایران کا دورۂ انتہائی نتیجہ خیز رہا، جس کے دوران قابلِ قدر سفارتی کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
ایرانی صدارتی دفتر کے عہدیدار سید مہدی طباطبائی کے مطابق دورۂ ایران کے دوران اہم اور قابلِ قدر سفارتی پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ اس دورے کے نتائج جلد ہی سامنے آنا شروع ہوجائیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورۂ ایران سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط اور باہمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
ایرانی صدارتی دفتر نے دورے کی مزید تفصیلات بیان نہیں کیں، تاہم اسے پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کے حوالے سے اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
اُدھر وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ ایرانی صدر مسعدو پزشکیان سے انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز ملاقات کی۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں ایران امریکا تنازع، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی، آئندہ کے لائحہ عمل اور اسلام آباد ایم او یو کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا گیا، تاکہ تنازع کا جامع حل ممکن بنایا جا سکے۔
وزیر داخلہ کے مطابق ایرانی صدر نے اپنی حکومت کے مؤقف اور تحفظات کھل کر بیان کیے، جبکہ فریقین کے درمیان متعلقہ امور پر تعمیری تبادلۂ خیال ہوا۔
محسن نقوی نے بتایا ہے کہ ملاقات میں اہم پیش رفت ہوئی اور اجلاس انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت خطے میں مزید پیش رفت اور پائیدار امن کی راہ ہموار کرنے میں مدد دے گی۔
