جمعہ, ستمبر 4, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںبھاگ میں دہشت گردوں کا مربوط حملہ ناکام، پولیس کی جوانمردانہ مزاحمت...

بھاگ میں دہشت گردوں کا مربوط حملہ ناکام، پولیس کی جوانمردانہ مزاحمت سے حملہ آور پسپا، شاہد رند

بھاگ:بھاگ شہر میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس اسٹیشن، نیشنل بینک اور اسسٹنٹ کمشنر آفس پر کیے گئے مربوط حملے کو پولیس کی بروقت اور موثر جوابی کارروائی کے باعث ناکام بنادیا گیا، جبکہ حملہ آور اسلحہ اور گولہ بارود چھوڑ کر فرار ہوگئے۔معاون وزیر اعلی بلوچستان شاہد رند نے بتایا کہ تقریبا 40 دہشت گردوں نے بھاگ شہر میں مختلف سرکاری تنصیبات پر بھاری ہتھیاروں، راکٹ لانچرز، مشین گنز، اسنائپرز اور دستی بموں سے حملہ کیا۔ ان کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس اسٹیشن بھاگ پر قبضہ کرنے اور وہاں موجود اسلحہ چھیننے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکاروں نے تقریبا دو گھنٹے تک بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا۔شاہد رند کے مطابق پولیس کی مثر جوابی کارروائی اور پولیس اسٹیشن کی مضبوط حفاظتی دیوار نے دفاع میں اہم کردار ادا کیا، جس کے باعث دہشت گرد پولیس اسٹیشن پر قبضہ کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد نیشنل بینک سے کوئی نقدی لوٹنے میں بھی کامیاب نہیں ہوسکے، جبکہ بینک میں نصب کی گئی مبینہ بارودی ڈیوائس کو اسپیشل برانچ کے بم ڈسپوزل یونٹ نے ناکارہ بنادیا۔معاون وزیر اعلی کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جبکہ فائرنگ کے واقعے میں تین شہری بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔شاہد رند نے کہا کہ حملے کے بعد بھاگ کے عوام نے پولیس کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور پولیس اہلکاروں کی بہادری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردوں کو ریاستی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔دوسری جانب معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے دعوی کیا کہ بھاگ شہر پر فتنہ ہندوستان اور بی ایل اے سے وابستہ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس کے بہادر جوانوں اور بھاگ کے غیور عوام نے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیا، جس کے بعد دہشت گرد اسلحہ اور گولہ بارود چھوڑ کر فرار ہوگئے۔بابر یوسفزئی کے مطابق پولیس اور عوام کی بروقت مزاحمت نے دہشت گردوں کی بڑی سازش ناکام بنادی، جبکہ کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد زخمی ہوئے جنہیں ان کے ساتھی اپنے ساتھ لے گئے۔معاون برائے داخلہ نے بلوچستان پولیس کے افسران اور جوانوں کی بہادری اور بروقت کارروائی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھاگ کے عوام نے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیے۔انہوں نے کہا کہ بھاگ کے عوام نے دہشت گردوں کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ بلوچستان حکومت عوام اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کی ہر سازش ناکام بنائے گی۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان کے بہادر عوام اور سیکیورٹی ادارے متحد ہیں اور دہشت گردوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام اور سیکیورٹی ادارے ایک صفحے پر ہیں اور بلوچستان پولیس و عوام کی یہ کامیابی پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین کو دہشت گردوں کے عزائم سے پاک کرنے کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!