کوئٹہ: صوبائی مشیر برائے ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمن خان ملاخیل نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں کی موثر کارکردگی اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی میں کلریکل اسٹاف کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ کلرکس سرکاری نظام کا ایک اہم حصہ ہیں اور دفتری امور کی انجام دہی، ریکارڈ کی دیکھ بھال اور انتظامی معاملات کو موثر انداز میں آگے بڑھانے میں ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن بلوچستان کے زیر اہتمام منعقدہ حلف برداری کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سیکرٹری ماحولیات نور احمد پرکانی ڈی جی ماحولیات ظہور احمد بلوچ اور آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے صوبائی عہدیداران اور ماحولیات یونٹ کی نو منتخب کابینہ کے علاوہ افسران و اہلکاران نے شرکت کی ۔صوبائی مشیر نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی تنظیم کی اصل طاقت اس کے اتحاد، نظم و ضبط اور اجتماعی جدوجہد میں مضمر ہوتی ہے۔ امید ہے کہ نومنتخب کابینہ ملازمین کی فلاح و بہبود، جائز مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین عوامی خدمت کے نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، محنت اور ذمہ داری کے احساس کو تسلیم کرنا اور انہیں سازگار ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ ملازمین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، محنت اور احساس فرض کے ساتھ ادا کریں تاکہ عوام کو سرکاری اداروں سے بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔ ُصوبائی مشیر نسیم الرحمن ملاخیل نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے میں اداروں کی بہتری، انتظامی اصلاحات اور عوامی خدمات کے معیار کو بلند کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جس میں سرکاری ملازمین کا تعاون انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کی نئی قیادت ملازمین کے مسائل کو متعلقہ فورمز پر موثر انداز میں اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری اداروں کی بہتری اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے میں بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔تقریب کے آخر میں صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمن ملاجیل نے نومنتخب عہدیداران سے ان کے عہدوں کا حلف بھی لیا ۔ اس موقع پر نو منتخب صدر نے سپاسنامہ پیش کیا صوبائی مشیر نے سپاسنامہ میں پیش کئے گئے مطالبات میں سے کچھ پر فوری اقدامات کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو موقع پر احکامات جاری کئے باقی ماندہ مطالبات کے حل کے لئے یقین دہانی بھی کرائی۔
سرکاری اداروں کی موثر کارکردگی میں کلریکل اسٹاف کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے،نسیم الرحمن ملاخیل
RELATED ARTICLES
