وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی مصنوعات کے معیار کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور برآمدات میں اضافے کو ملکی معاشی ترقی کی بنیاد بنایا جائے۔
اسلام آباد میں وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت ملکی برآمدات بڑھانے اور معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ روایتی شعبوں کے ساتھ مزید شعبوں کو بھی عالمی منڈیوں میں برآمدات کے لیے تیار کیا جائے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ تجارت کو متنوع بنانے کے لیے شعبوں اور صنعتوں کو برآمدی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے اور برآمدات میں ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے برآمدی صنعتوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کو فروغ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ملکی معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ برآمد کنندگان کو درپیش انتظامی و کاروباری رکاوٹیں دور کی جائیں اور برآمدی عمل کو مزید آسان، تیز اور شفاف بنایا جائے۔
