پی پی رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ فیصلے کرنیوالے عقل سے کام لیں، سندھ میں بلوچستان جیسے حالات پیدا نہ کریں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما منظور حسین وسان نے سندھ میں نئے صوبے بنانے کی بات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کوئی تجویز کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔
منظور وسان نے کہا کہ سندھ کے عوام پہلے ہی احساسِ محرومی کا شکار ہیں اور نئے صوبوں کے قیام سے ان کی محرومی میں مزید اضافہ ہوگا۔ سندھ کے مفاد کے خلاف کوئی بھی فیصلہ عوام رد کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے حوالے سے فیصلے کرنے والوں کو عقل سے کام لینا چاہیے۔ بلوچستان میں حالات پہلے ہی خراب ہیں، اس لیے سندھ میں بھی ایسی صورتحال پیدا نہ کی جائے۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں پہلے ہی بحران بڑھ چکا ہے، لہٰذا اسے مزید بحران کی جانب نہ دھکیلا جائے۔ منظور وسان نے کہا کہ معاملہ صوبوں کا ہو یا کینالز کا، پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کبھی سندھ کا سودا نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی پوری قیادت سندھ کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور صوبے کے مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
منظور وسان کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد ہی سے بعض لوگ سندھ کے ڈویژنوں کو صوبے بنانے کے خواہشمند رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ہو یا ضیاء الحق کا دور، صوبوں کے معاملے پر دونوں کا مؤقف ایک جیسا رہا ہے۔
