ہفتہ, ستمبر 19, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںمکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی سلامتی پوری امت مسلمہ کے لیے...

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی سلامتی پوری امت مسلمہ کے لیے ریڈ لائن ہے، میر علی حسن زہری

کو ئٹہ:سینئر مرکزی رہنما پاکستان پیپلز پارٹی ترجمان صدر مملکت آصف علی زرداری و سینئر صوبائی نائب صدر پی پی پی بلوچستان میر علی حسن زہری نے مکہ مکرمہ کی جانب ڈرون حملے کی مبینہ کوشش کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ جیسے مقدس ترین شہر کو نشانہ بنانے کی کوشش صرف سعودی عرب پر حملہ نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے دل پر حملہ اور مسلمانوں کے جذبات سے کھلی دشمنی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ وہ مقدس شہر ہے جس کی طرف دنیا بھر کے مسلمان نماز کے لیے رخ کرتے ہیں، جہاں خانہ کعبہ موجود ہے اور جہاں حرمِ پاک کی حرمت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ اس مقدس سرزمین کی طرف اٹھنے والا کوئی بھی جارحانہ قدم پوری امت کے لیے ناقابلِ برداشت ہے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ جو عناصر مقدس مقامات کو اپنی جنگ، سیاست یا انتقام کا میدان بنانے کی کوشش کرتے ہیں، انہیں سمجھ لینا چاہیے کہ مکہ مکرمہ کوئی عام مقام نہیں، بلکہ پوری امت مسلمہ کے ایمان اور عقیدے کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے مقدس ترین شہر کو نشانہ بنانے کی کوشش ایک انتہائی سنگین اور ناقابلِ معافی جرم ہے۔ ہم اس شرمناک اور اشتعال انگیز اقدام کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس کے ذمہ داروں کے خلاف قانون اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق مو¿ثر اور سخت کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی سلامتی پوری امت مسلمہ کے لیے ریڈ لائن ہے۔ ان مقدس مقامات کی طرف اٹھنے والا ہاتھ روکنا اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانا پوری مسلم دنیا کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ مسلم امہ کو اس واقعے کی سنگینی کو معمولی سمجھنے کی غلطی نہیں کرنی چاہیے۔ آج اگر مقدس مقامات کی حرمت کو پامال کرنے کی کوشش پر خاموشی اختیار کی گئی تو ایسے عناصر کے حوصلے مزید بڑھ سکتے ہیں۔ امت مسلمہ کو متحد ہو کر اپنے تحفظات، تشویش اور دوٹوک موقف کا اظہار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی صورت مکہ مکرمہ کی حرمت پر حملے یا حملے کی کوشش کو قبول نہیں کرسکتے۔ مقدس مقامات کو جنگ اور تنازعات سے محفوظ رکھنا ہر مسلمان کی دلی خواہش اور اجتماعی ذمہ داری ہے۔ میر علی حسن زہری نے سعودی عرب کی جانب سے مکہ مکرمہ کی فضائی حدود کے تحفظ اور ڈرون کو حرمِ پاک کی ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ناکام بنانے پر سعودی دفاعی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت پر مامور اداروں کی ہر سطح پر چوکسی قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور بالخصوص مسلم ممالک پر زور دیا کہ مقدس مقامات کی سلامتی کے معاملے میں واضح، متحد اور مو¿ثر موقف اختیار کیا جائے۔ یہ کوئی معمولی واقعہ نہیں ، مکہ مکرمہ کی حرمت کسی سیاسی اختلاف، جنگی تنازع یا علاقائی کشمکش سے بالاتر ہے۔ میر علی حسن زہری نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ مکہ مکرمہ کی حرمت ہماری غیر متزلزل عقیدت کا حصہ ہے۔ حرمِ پاک کی طرف اٹھنے والی میلی نظر بھی امت مسلمہ کے لیے ناقابلِ برداشت ہے۔ ہم مقدس مقامات کے تحفظ، حرمت اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حرمین شریفین کو ہمیشہ امن و سلامتی کا گہوارہ رکھے اور پوری امت مسلمہ کو اتحاد، اتفاق اور بصیرت عطا فرمائے۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!