بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 21 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 بہادر سپوت شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب چاغی کے علاقے نوکچہ اور ضلع پشین زیارت کراس میں کاروائیاں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 پر مسافروں کی آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔ دہشتگردوں نے بھتہ خوری کے لیے غیرقانونی چیک پوسٹ قائم کرنے کی کوشش کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب دہشتگردوں نے کسٹمز ہاؤس پر قبضہ کیلئے حملہ کیا جس کا سیکیورٹی فورسز نے مؤثر جواب دیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فرار دہشتگردوں کو بھی سیکیورٹی فورسز نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں مزید دہشتگرد ہلاک و زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران اور کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے ایک سرکاری اہلکار سمیت 6 بہادر سپوت شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشتگردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا مظہر تھا۔ حملے کا مقصد کسٹمز حکام کو اپنے قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا تھا۔ حملے کا مقصد علاقے میں جاری مجرمانہ سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں سہولت فراہم کرنا تھا۔
